ڈپٹی کمشنر کرک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ پابندی دفعہ 144 کے تحت نافذ کی گئی ہے جو ابتدائی طور پر 30 دن تک برقرار رہے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ضلع بھر میں کسی بھی پیٹرول پمپ یا دکان کو بوتلوں یا گیلن کے ذریعے پیٹرول فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام غیر قانونی ذخیرہ اندوزی، حادثات کے خدشات اور پیٹرول کی غیر محفوظ ترسیل کو روکنے کیلئے کیا گیا ہے، کھلی بوتلوں یا گیلن میں پیٹرول رکھنے اور فروخت کرنے سے آگ لگنے اور دیگر خطرناک واقعات کا امکان بڑھ جاتا ہے جس سے انسانی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے پیٹرول پمپ مالکان اور دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ سرکاری احکامات پر مکمل عمل درآمد کریں، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ذمہ دار افراد کو جرمانے یا دیگر سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول کی خریداری صرف مجاز پیٹرول پمپوں سے کریں اور کسی بھی غیر قانونی فروخت کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔