سندھ اور بلوچستان میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی معطل کیے جانے کے بعد دونوں صوبوں میں سی این جی اسٹیشن بند کر دئیے گئے ہیں، حکام کے مطابق یہ فیصلہ ماہ رمضان میں گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس فراہم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق روزہ داروں کی سہولت کے پیش نظر سحر و افطار کے اوقات میں گھریلو اور تجارتی صارفین کو گیس فراہم کی جارہی ہے تاہم دن کے دیگر اوقات میں گیس کی قلت برقرار ہے جس کے باعث لوڈ منیجمنٹ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شہر کراچی میں گیس کی فراہمی روزانہ صبح آٹھ بجے سے دوپہر تین بجے تک معطل کی جارہی ہے تاکہ دستیاب گیس کو ترجیحی بنیادوں پر گھریلو صارفین تک پہنچایا جا سکے۔
دوسری جانب آل پاکستان پیٹرولیم اینڈ سی این جی ایسوسی ایشن نے سیکٹر کو گیس بند کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
ایسوسی ایشن کے مطابق حالیہ دنوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے تک اضافے نے پہلے ہی شہریوں پر مالی دباؤ بڑھا دیا ہے جبکہ سی این جی کی بندش کے بعد سستا متبادل ایندھن بھی دستیاب نہیں رہا جس سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے کا خدشہ ہے۔