رشین یونیورسٹی آف فرینڈشپ آف پیپلز رُودَن نے غیر ملکی شہریوں کے لیے اپنے اوپن اولمپیاڈ کے آن لائن مرحلے کی رجسٹریشن باضابطہ طور پر شروع کر دی ہے جس سے روس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے ایک اہم موقع پیدا ہو گیا ہے۔
پاکستان میں روسی سفارت خانے کے اعلان کے مطابق، پاکستان سے ہائی اسکول گریجویٹس اور یونیورسٹی کے فائنل ایئر کے طلبہ اس اولمپیاڈ میں شرکت کے اہل ہیں، یہ اولمپیاڈ روسی حکومت کے کوٹہ کے تحت رُودَن میں مکمل طور پر فنڈڈ تعلیم حاصل کرنے کا ذریعہ ہے جس کی وجہ سے یہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بیرونِ ملک تعلیم کے پرکشش مواقع میں سے ایک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کے طیارے میں فنی خرابی، ہنگامی لینڈنگ
اولمپیاڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو رُودَن میں مفت تعلیم دی جائے گی جبکہ رنر اپ امیدواروں کو فیس میں نمایاں رعایت فراہم کی جائے گی، اگر اولمپیاڈ کے کامیاب امیدواروں کے بعد سرکاری کوٹہ کی نشستیں دستیاب رہیں تو رنر اپ امیدوار بھی مکمل فنڈڈ داخلے کے اہل ہو سکتے ہیں۔
شرکت کے لیے امیدواروں کو آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی اور اپنے پاسپورٹ یا قومی شناختی کارڈ کی اسکین شدہ کاپی کے ساتھ تعلیمی ڈپلومہ یا سرٹیفکیٹ (جس میں حالیہ تعلیمی سال کے نمبرز درج ہوں) اپ لوڈ کرنا ہوں گے۔
آن لائن ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو انفرادی انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کیا جائے گا، جو انتخاب کا آخری مرحلہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا طیارہ حادثے کا شکار
رُودَن کے حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اولمپیاڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر موجود رہنما اصول اور اہلیت کے معیار کو بغور پڑھیں، مزید رہنمائی کے لیے امیدوار رُودَن کی جانب سے فراہم کردہ سرکاری ای میل کے ذریعے اولمپیاڈ ٹیم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
یہ اقدام پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی تعاون کو مضبوط بناتا ہے اور باصلاحیت پاکستانی طلبہ کے لیے بین الاقوامی تعلیم، اسکالرشپس اور عالمی کیریئر کے نئے مواقع کھولتا ہے۔