ادارۂ امورِ حرمین شریفین نے زائرین کی سہولت، منظم آمد و رفت اور بہتر انتظامات کے پیشِ نظر اوقات میں تبدیلی کی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مرد زائرین کیلئے روضۂ رسول ﷺ کی زیارت اور ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کا وقت شب 2 بجے سے نمازِ فجر تک مقرر کیا گیا، جبکہ دن کے اوقات میں مردوں کیلئے زیارت صبح 11 بجے سے نمازِ عشاء تک ممکن ہوگی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ نئے اوقات ہجوم کو کنٹرول کرنے اور عبادت گزاروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مرتب کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب خواتین زائرین کیلئے بھی اوقات کار کا واضح اعلان کر دیا گیا،خواتین فجر کی نماز کے بعد سے دن 11 بجے تک زیارت کر سکیں گی، جبکہ نمازِ عشاء کے بعد رات 2 بجے تک انہیں دوبارہ زیارت کی اجازت ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق خواتین کیلئے یہ اوقات ان کی سہولت اور آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:یواے ای میں یکم اور 2 دسمبر کو چھٹی کا اعلان
جمعہ کے دن کیلئے بھی خصوصی شیڈول جاری کیا گیا، مرد زائرین نماز جمعہ کے بعد سے عشاء تک روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کر سکیں گے، جبکہ خواتین نمازِ فجر کے بعد سے صبح 9 بجے تک زیارت کی سعادت حاصل کر سکیں گی۔
ادارۂ امور حرمین نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے اوقات کی پابندی کریں اور ہجوم سے بچنے کیلئے مقررہ وقت سے پہلے یا بعد میں آنے سے گریز کریں تاکہ عبادت کے ماحول میں سکون، نظم و ضبط اور سہولت برقرار رہ سکے۔