ٹرمپ ایران پر حملے سے متعلق فیصلہ آئندہ دو ہفتے میں کرینگے: ترجمان وائٹ ہاؤس
پریس سیکرٹری وائٹ ہاؤس کیرولائن لیوٹ نے کہا ہے کہ ایران پر حملے سے متعلق صدر ٹرمپ دو ہفتے میں فیصلہ کریں گے۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) پریس سیکرٹری وائٹ ہاؤس کیرولائن لیوٹ نے کہا ہے کہ ایران پر حملے سے متعلق صدر ٹرمپ دو ہفتے میں فیصلہ کریں گے۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران پریس سیکرٹری وائٹ ہاؤس کیرولائن لیوٹ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ امریکی حکام مسلسل رابطے میں ہیں ،ایران کی طرف سفارتی بات چیت پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے ،دو ہفتوں کے بعد فوجی کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

صحافی نے سوال کیا کہ صدر ٹرمپ ایران پر ممکنہ حملے سے پہلے کانگریس سے اجازت لیں گے یا نہیں ؟ جس پر کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ میں اس پر کوئی ردعمل نہیں دینا چاہتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے قریب نہیں تھا ، آج صدر ٹرمپ کو اسرائیلی کارروائی کے بارے میں بریفنگ دی گئی،امریکی قومی سلامتی کونسل نے صدر ٹرمپ کو بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر نے ایران پر حملے سے متعلق تمام خبریں مسترد کردیں

کیرولائن لیوٹ نے مزید کہا کہ امریکی حکام اسرائیلی حکام سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں ، ایران کے ساتھ اگر کوئی ڈیل ہوتی تو اس میں یہ بات لازمی ہوگی کہ ایران یورینیم افزودگی بند کرے، ایران سے مذاکرات کا امکان اور فیصلہ حملے سے متعلق فیصلہ اسی بنیاد پر ہو گا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران میں رجیم چینج ہمارا مقصد نہیں ، اسرائیلی حملوں سے اگرایران میں حکومت تبدیل ہوجاتی ہے تو وہ الگ بات ہے ، یہ بھی ہوسکتا ہے ایرانی عوام خود ہی حکومت کی تبدیلی کی وجہ ہو۔

نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے نیوکلیئر مراکز پر حملے کےلئے امریکا کے گرین سگنل کا انتظار نہیں کیا جائے گا، ایران کی تمام ایٹمی صلاحیتوں پر حملہ کریں گے۔