یورپی وزرائے خارجہ کل ایران سے مذاکرات کریں گے
Iran nuclear talks
فائل فوٹو
تہران:(ویب ڈیسک) خبر ایجنسی کے مطابق یورپی وزرائے خارجہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے متعلق ایک اہم اجلاس میں جمعے کے روز ملاقات کریں گے۔

یہ ملاقات جنیوا میں متوقع ہے جس میں جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ ایرانی ہم منصب کے ساتھ بیٹھیں گے تاکہ جوہری سرگرمیوں پر پیش رفت کی راہ نکالی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اس اہم سفارتی سرگرمی پر امریکا نے بھی اتفاق کیا ہے، جس سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ مغربی طاقتیں ایران کے ساتھ تصادم سے گریز کرتے ہوئے بات چیت کو ترجیح دے رہی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بھی جمعے کو طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ اجلاس ایران کی درخواست پر بلایا گیا ہے جسے پاکستان، چین اور روس کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ نے ایران پر حملہ روک دیا،امریکی اخبار کا دعویٰ

ایرانی نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی نے واضح کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں پر یقین نہیں رکھتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا اسرائیل کے ساتھ جنگ میں شریک ہوا تو ایران کے پاس جوابی کارروائی کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ مذاکرات مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی امن کے حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے، جن کا اثر عالمی سطح پر محسوس کیا جائے گا۔