یوکرین کے روسی فضائی اڈوں پر ڈرون حملے، 40 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ
 یوکرین نے روسی فضائی اڈوں پر متعدد ڈرون حملوں میں 40 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔
یوکرینی میزائل حملوں سے روسی فضائی اڈوں کی تباہی کے مناظر
کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین نے روسی فضائی اڈوں پر متعدد ڈرون حملوں میں 40 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے سائبیریا میں قائم روسی فوجی مرکز کو ڈرون حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس میں جوہری صلاحیت سے لیس بمبار طیاروں کو تباہ کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ ایک یوکرینی فوجی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یوکرینی حملے میں 40 سے زائد لڑاکا طیارے تباہ ہوئے جن میں ٹی یو-95 اور ٹی یو-22 جیسے بمبار طیارے بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق یوکرین کی خفیہ ایجنسی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کو سپائڈر ویب (مکڑی کا جالا) کا نام دیا گیا ہے اور اس حملے کی نگرانی یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی نے خود کی۔

رپورٹس کے مطابق یوکرین کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ڈرون حملے میں چار روسی فضائی اڈوں کو ٹارگٹ کیا گیا، ان میں سے دو روسی فضائی اڈے یوکرین کی سرحد سے ہزاروں میل دور روس کے اندر واقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ جنگ کرنیوالے ممالک کیساتھ تجارت نہیں چاہتا، ٹرمپ

غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ یوکرینی خفیہ ایجنسی ایس بی یو نے سب سے پہلے ایف پی وی ڈرونز روس میں سمگل کیے اور پھر لکڑی کے موبائل کیبنز منتقل کیے گئے، اس کے بعد ان ڈرونز کو ان کیبنز کی چھتوں کے نیچے چھپایا گیا جو سامان لے جانے والے ٹرکوں پر رکھے گئے تھے۔

ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ مناسب وقت پر موبائل کیبنز کی چھتوں کو کھولا گیا اور پھر ڈرونز نے ٹرکوں سے پرواز کر کے روسی بمبار طیاروں کو نشانہ بنایا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر اس حملے کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ جنگ میں یوکرین کا اب تک کا سب سے مہلک ڈرون حملہ ہو گا اور اس سے روس کو کافی دھچکا لگے گا۔

روس یوکرین جنگ میں شدت، یورپ کی نیندیں حرام

دوسری جانب روس یوکرین جنگ میں شدت کے بعد یورپ کی نیندیں حرام ہو گئیں، برطانیہ نے دفاعی بجٹ میں غیر معمولی اضافے کا فیصلہ کرلیا۔

برطانوی وزیر اعظم کیئرسٹارمر کا کہنا ہے کہ ہم جنگ کی تیاریوں کو تیز کر رہے ہیں،برطانیہ نے 12 نئی نیوکلیئر پاور سب میرین تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے ڈرونز،میزائلز اور گولہ و بارود تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2027 تک برطانیہ کا دفاعی بجٹ جی ڈی پی کے 2.5 فیصد تک بڑھایا جائے گا، 2034 تک دفاعی اخراجات جی ڈی پی کے 3 فیصد تک بڑھائے جائیں گے۔

برطانوی وزیراعظم نے نیٹو کو مضبوط بنانے کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ برطانیہ کیلئے نیٹو ہمیشہ پہلی ترجیح ہو گی۔