نائیجیریا میں قیامت خیز سیلاب، 150 سے زائد افراد ہلاک
Nigeria Flood Disaster
فائل فوٹو
ابوجا:(ویب ڈیسک) نائیجیریا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے ہولناک سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس قدرتی آفت کے نتیجے میں کم از کم 151 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

جاری کردہ رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ نائیجر ریاست کا وسطی شہر موکوا ہے، جہاں سیلاب نے درجنوں بستیوں کو ملیا میٹ کر دیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ 500 سے زائد خاندان اس سیلاب کی زد میں آئے، جبکہ 300 سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ نائیجر اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (NSEMA) نے بتایا کہ 3,000 سے زائد افراد نے اپنا گھر بار کھو دیا ہے، 600 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور دو بڑے پل سیلابی پانی میں بہہ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:پل گرنے سے ٹرین تباہ، 7 افراد ہلاک

دوسری جانب ریسکیو ٹیمیں ملبے میں دبے افراد اور لاشوں کی تلاش میں مسلسل مصروف ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق مٹی، پتھروں اور ملبے کو صاف کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ متعدد علاقوں میں سیلابی پانی اب بھی موجود ہے جس سے متاثرہ لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بے گھر افراد امداد کے منتظر ہیں جبکہ کئی افراد اپنے پیاروں کو ملبے میں تلاش کرتے نظر آئے۔ خواتین اور بچے کھلے آسمان تلے پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ مقامی حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر شیلٹرز قائم کرنے اور خوراک و طبی امداد فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ نائیجیریا میں حالیہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات شدید تر ہوتے جا رہے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے سیلاب مستقبل میں مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے فوری امداد کی اپیل کی گئی ہے تاکہ متاثرین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔