ٹیلی اسکوپ سے بنائی گئیں سورج کی حیرت انگیز تصاویر جاری
Sun Surface Close-Up Photo
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) سورج کی سطح پر ہونے والے ان دیکھے رازوں سے پردہ اُٹھنے لگا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی اور طاقتور سولر ٹیلی اسکوپ نے سورج کی انتہائی قریبی اور تفصیلی تصاویر جاری کر دی ہیں، جنہیں دیکھ کر سائنس کی دنیا میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تصاویر امریکہ کی ریاست ہوائی میں نصب جدید ترین انوئے سولر ٹیلی اسکوپ (Inouye Solar Telescope)  کے ذریعے حاصل کی گئی ہیں۔ ان سہ جہتی (3D) تصاویر میں سورج کی سطح کے انتہائی قریب مناظر کو دکھایا گیا ہے، جنہیں ایک پکسل پر 10 کلومیٹر کی وضاحت تک زوم کرکے پیش کیا گیا ہے۔

تصویر میں سورج کے اندرونی ماحول میں براعظموں کے حجم جیسے سیاہ دھبے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جو سورج کی مقناطیسی سرگرمیوں کا حصہ ہیں۔ یہ دھبے مستقبل میں شمسی طوفانوں اور زمین پر اثر انداز ہونے والے خلائی موسموں کی نشاندہی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق یہ تصاویر سورج کے رویے کو سمجھنے اور اس کے خطرناک خلائی اثرات کی بروقت پیش گوئی کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انوئے سولر ٹیلی اسکوپ کو سورج کا اب تک کا سب سے گہرا مشاہدہ کرنے والی سائنسی مشین قرار دیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت نہ صرف فلکیات بلکہ زمینی مواصلاتی نظام، سیٹلائٹ اور نیویگیشن ٹیکنالوجی کے تحفظ میں بھی اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔