کشمیر کشمیریوں کا ہے، بھارت کا نہیں، کشمیری خواتین
Kashmiri women reject India
فائل فوٹو
سری نگر:(ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو نے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے جذبات کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے آشکار کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 کشمیری خواتین بھارتی صحافی کو صاف انکار کرتی نظر آتی ہیں کہ وہ کشمیر کو بھارت کا حصہ ماننے کو تیار نہیں ہیں۔

یہ ویڈیو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام کی ہے، جہاں ایک بھارتی صحافی نے خواتین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک ہیں، پورا انڈیا ایک ہے۔ اس پر کشمیری خواتین نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری ہیں اور کشمیر کشمیریوں کا ہے، بھارت بھارتیوں کا ہے۔

صحافی نے بار بار انہیں بھارت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے اور بھارت ماتا کی جے‘ کا نعرہ لگانے پر اکسایا، مگر خواتین نے نہ صرف اس مطالبے کو مسترد کیا بلکہ دو ٹوک انداز میں کہا کہ ہم ایسا نعرہ نہیں لگائیں گے۔

یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور کشمیری عوام کے اُس موقف کو اجاگر کر رہی ہے جو دہائیوں سے بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان بہادر خواتین کو سراہا اور ان کے جرات مندانہ مؤقف کو کشمیری عوام کی اجتماعی آواز قرار دیا۔