
کویتی وزراء کونسل کے مطابق 5 جون بروز جمعرات سے 8 جون بروز اتوار 2025 تک ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اس کے بعد پیر 9 جون کو غیر رسمی آرام کا دن تصور کیا جائے گا، جبکہ منگل 10 جون سے معمول کے مطابق کام دوبارہ شروع ہوگا۔
عیدالاضحیٰ اسلامی کیلنڈر کا ایک اہم ترین مذہبی تہوار ہے، جسے عید قربان بھی کہا جاتا ہے۔ اس دن مسلمان حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے قربانی دیتے ہیں، جو اللہ کی راہ میں ایثار، وفاداری اور اطاعت کی علامت ہے۔
امارات فلکیات سوسائٹی کے مطابق امسال عید الاضحیٰ 6 جون 2025 بروز جمعہ کو آنے کا امکان ہے۔ قمری کیلنڈر کے آخری مہینے ذی الحجہ کا آغاز ممکنہ طور پر 28 مئی سے ہوگا، اگر چاند 27 مئی کو نظر آ گیا۔
کویت سمیت دیگر خلیجی ممالک میں عید کے ایام میں سرکاری دفاتر، اسکولز اور بیشتر نجی ادارے بند رہتے ہیں، جبکہ بڑے پیمانے پر قربانی، فیملی اجتماعات اور مذہبی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
اس اعلان کے بعد کویت میں مقیم مسلمان شہریوں اور تارکینِ وطن میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جو عید کو بھرپور جوش و خروش سے منانے کی تیاریوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔
عیدالاضحیٰ مسلمانوں کیلئے ایثار، محبت اور بندگی کا مظہر ہے، جسے پوری امت مسلمہ یکجہتی کے جذبے کے ساتھ مناتی ہے۔



