
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ایک اہم بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیتا ہے کہ وہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں، یہ معاملہ امریکہ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اس معاملے پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور خطے میں کسی بھی ممکنہ بگاڑ سے بچنے کیلئے سرگرم ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سینیٹر مارکو رو بیو جلد پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے براہِ راست رابطہ کریں گے، تاکہ تناؤ کو کم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ ان کے مطابق مارکو رو بیو دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی اس حوالے سے مشاورت کریں گے۔
ٹیمی بروس کا مزید کا کہنا تھا کہ امریکہ کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ واقعے سے بھی پوری طرح باخبر ہے اور ٹرمپ انتظامیہ اس تناظر میں دونوں ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
خیال رہے کہ عالمی سطح پر اس بیان کو پاک بھارت کشیدگی میں کمی کی ایک مثبت کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔



