
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں شناخت اب چہرے کی پہچان اور جدید AI ٹیکنالوجی کی مدد سے کی جائے گی، اماراتی شناختی کارڈ دکھانے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔
یو اے ای کی فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت نے اعلان کیا ہے کہ نئے سسٹم کا کامیاب تجربہ کر لیا گیا ہے، اس کا مکمل نفاذ آئندہ سال کے اندر متوقع ہے۔
واضح رہے کہ اس نئے ڈیجیٹل آئی ڈی سسٹم کے ذریعے شہری اور رہائشی افراد بینکنگ، ہیلتھ کیئر، ٹیلی کمیونیکیشن اور مہمان نوازی جیسے شعبوں میں بغیر فزیکل شناختی کارڈ کے خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
نظام کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ چہرے کی شناخت (facial recognition) اور بائیو میٹرک ڈیٹا کے ذریعے شناخت کو محفوظ اور خودکار بناتا ہے، جس سے صارفین کو زیادہ سہولت اور اداروں کو زیادہ تحفظ حاصل ہوگا۔
فیڈرل نیشنل کونسل کے رکن عدنان الحمادی کا اس حوالے سے کہنا کہ ابھی بھی بعض سروسز، خصوصاً ہیلتھ اور بینکنگ سیکٹر میں فزیکل شناختی کارڈ کی ضرورت باقی ہے، جسے نئے سسٹم کے ذریعے جلد ختم کر دیا جائے گا۔
مزید برآں ہوٹلوں میں بھی چیک ان کیلئے مہمانوں سے اصل ایمریٹس آئی ڈی مانگی جاتی ہے، جو مستقبل میں ڈیجیٹل شناخت سے ممکن ہو جائے گا۔



