یونیورسٹیز میں ڈیجیٹل انقلاب: PTA کا مفت وائی فائی کا اعلان
free WiFi
فائیل فوٹو
لاہور:( ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے ملک بھر کی ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے منظور شدہ سرکاری و نجی یونیورسٹیز میں طلباء کے لیے مفت وائی فائی سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 یہ قدم ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت تعلیمی شعبے میں ایک انقلابی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ہزاروں طلباء و طالبات مستفید ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے کا آغاز مرحلہ وار کیا جائے گا، جس میں ابتدائی طور پر بڑے شہروں کی معروف جامعات شامل ہوں گی۔ PTA کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا بنیادی مقصد آن لائن تعلیم، تحقیق، اور ڈیجیٹل مواد تک آسان رسائی کو ممکن بنانا ہے۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی اور نگرانی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ طلباء کی پرائیویسی محفوظ رہے اور سروس کے غلط استعمال کا سدباب کیا جا سکے۔

تعلیمی ماہرین اور طلباء نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام دور دراز علاقوں سے آنے والے طلباء کے لیے ایک نعمت ثابت ہوگا، جہاں انٹرنیٹ کی سہولت پہلے ہی محدود ہے۔ علاوہ ازیں خواتین جامعات میں اسمارٹ فونز کی مفت فراہمی جیسے اقدامات بھی طالبات کی ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ سے پیسے کمانے کا طریقہ

مزید برآں ،پاکستان میں موبائل صارفین کی تعداد 20 کروڑ سے تجاوز کرنے پر PTA نے *2200# ڈائل کر کے حاصل کی جانے والی خصوصی آفر متعارف کروا دی  ہے۔

اس آفر کے تحت 20 جون 2025 کو تمام موبائل صارفین کو 2 جی بی مفت انٹرنیٹ اور 200 آن نیٹ منٹس فراہم کیے جائیں گے، جو 24 گھنٹوں کے لیے کارآمد ہوگے، یہ سہولت تمام نیٹ ورکس (جاز، زونگ، یوفون، ٹیلی نار) پر دستیاب ہوگی۔

یاد رہے کہ حکومت، PTA اور HEC کے باہمی اشتراک سے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے، جسے مستقبل میں کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں تک وسعت دینے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ قدم نہ صرف تعلیمی انقلاب کا پیش خیمہ بنے گا بلکہ نوجوان نسل کو ڈیجیٹل دنیا میں بااختیار بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔