
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اتوار کے روز سنیپ چیٹ (Snapchat) صارفین کو شدید تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ایپ سے لاگ آؤٹ ہوگئے اور بنیادی فیچرز تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔ لاہور، کراچی، راولپنڈی اور پشاور سمیت کئی بڑے شہروں میں صارفین نے شکایت کی کہ وہ نہ تو اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر سکتے ہیں اور نہ ہی پیغامات بھیج پا رہے ہیں۔
یہ مسئلہ صرف پاکستان تک محدود نہیں رہا بلکہ برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک میں بھی صارفین کو اسی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر (Downdetector)، جو آن لائن سروسز کی خرابیوں کو مانیٹر کرتا ہے، کے مطابق 57 فیصد صارفین نے بتایا کہ وہ بغیر کسی اطلاع کے لاگ آؤٹ ہوگئے جبکہ 24 فیصد کو شیئرنگ اور 18 فیصد کو اپلوڈنگ میں دشواری کا سامنا ہوا۔
اس بڑے خلل کے باوجود سنیپ چیٹ کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے صارفین میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔ ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ سرور سائڈ خرابی یا حال ہی میں جاری کی گئی اپ ڈیٹ کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ کچھ صارفین نے وی پی این (VPN) کے ذریعے ایپ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سنیپ چیٹ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اپنے سرورز کی جانچ پڑتال اور اپ ڈیٹس کے عمل میں مزید احتیاط برتنی چاہیے تاکہ صارفین کو مستقبل میں ایسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



