پی ایس ایل 11 افتتاحی میچ، لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگز مین کو ہرا دیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگز مین کو 69 رنز سے شکست دے دی۔
فوٹو بشکریہ پی ایس ایل سوشل میڈیا
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگز مین کو 69 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کے جانب سے دیے گئے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم 130 رنز بنا سکی۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے کپتان مارنوس لبوشیانے 24 رنز بنا کر نمایاں رہے، صائم ایوب 17، حسان خان 14، حماد اعظم 10 ، محمد علی 10، عثمان خان 9، رضوان محمود 8 اور عرفان خان 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

کنگز مین کے کوشال پریرا اور عاکف جاوید ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ریلے میریڈیتھ 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف، سکندر رضا اور عبید شاہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مستفیض الرحمان اور کپتان شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان 53 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسیب اللہ نے 40 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، محمد نعیم 30، سکندر رضا 24، پرویز حسین ایمن 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

قلندرز کے آصف علی 6 اور عبداللہ شفیق نے 4 رنز بنائے جبکہ کپتان شاہین آفریدی 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے حسان خان اور ریلے میریڈیتھ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں اور محمد علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔