اس فیصلے کے تحت مصباح الحق اور سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا رکن مقرر کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں سابق کپتانوں کا شمار ملک کے تجربہ کار اور باوقار کرکٹرز میں ہوتا ہے، مصباح الحق اور سرفراز احمد ماضی میں قومی ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں اور دونوں کا کرکٹ کیریئر شاندار اور قابلِ احترام رہا ہے۔ بورڈ کو امید ہے کہ ان کی شمولیت سے قومی ٹیم کے انتخاب کے عمل میں مزید بہتری آئے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امپائر علیم ڈار نے سلیکشن کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد کمیٹی میں دو نئی تقرریاں کی گئی ہیں، اس اقدام کے بعد سلیکشن کمیٹی کو دوبارہ مکمل کر دیا گیا ہے۔
اس وقت قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں عاقب جاوید اور اسد شفیق بطور سینئر سلیکٹر شامل ہیں، اب مصباح الحق اور سرفراز احمد کی شمولیت کے بعد کمیٹی 4 ارکان پر مشتمل ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے 8 سال بعد ہاکی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کر لیا
ذہن نشین رہے کہ دونوں سابق کپتان اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مختلف امور میں رابطے میں رہے ہیں اور اب باضابطہ طور پر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن کر قومی ٹیم کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلوں میں کردار ادا کریں گے۔
کرکٹ حلقوں میں اس فیصلے کو مثبت قرار دیا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تجربہ کار کھلاڑیوں کی شمولیت سے قومی ٹیم کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔