اسلام آباد میں دھماکا، شاہد آفریدی کا بڑا مطالبہ آگیا
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں اسلام آباد دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد اب وفاقی دارالحکومت میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد عناصر ایک بار پھر منظم انداز میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ صرف ایک شہر یا ایک واقعے کا مسئلہ نہیں رہا بلکہ یہ ایک قومی بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی اس وحشیانہ کارروائی میں بے گناہ شہریوں کی جانیں گئیں، جو کسی بھی صورت قابلِ برداشت نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کب تک قوم صرف مذمتی بیانات اور رسمی ٹوئٹس تک محدود رہے گی؟ کیا ہم ہر واقعے کے بعد چند دن غم منائیں گے اور پھر سب کچھ معمول پر آ جائے گا؟

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے نئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی

شاہد آفریدی نے ریاستی اداروں اور حکومتِ وقت پر زور دیا کہ وہ قوم کو اعتماد میں لے کر دہشت گردی کے خلاف واضح اور دو ٹوک پالیسی کا اعلان کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی لہر دن بدن شدت اختیار کر رہی ہے، اور اگر بروقت اور فیصلہ کن اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے نتائج مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات نظر آنے چاہئیں۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہر بڑے سانحے کے بعد عوام کو صرف تسلی دی جاتی ہے، مگر زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔ شاہد آفریدی کے مطابق، ریاست کے پاس اگر مکمل طاقت اور وسائل موجود ہیں تو انہیں بلا تاخیر استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ معصوم جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

آخر میں سابق کپتان نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی دے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور دہشت گردی کے خلاف یکجہتی ہی اس عفریت کو شکست دینے کا واحد راستہ ہے۔