ارشد ندیم نے ورلڈ ایٹھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
پاکستان کے ہیرو اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ہیرو اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

ارشد ندیم جاپان کے شہر ٹوکیو میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں واحد پاکستانی ایتھلیٹ ہیں اور انہوں نے کوالیفائر بی میں سب سے پہلی تھرو پھینکی۔

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پہلی باری میں 76.9 کی کمزور تھرو کی اور وہ دوسری باری میں بھی لمبی تھرو نہ کرسکے، دوسری باری میں انہوں نے 74.17 میٹر کی تھرو کی۔

ابتدائی دونوں کمزور تھرو کرنے کے بعد ارشد ندیم فائنل میں نہیں پہنچ سکے تھے، تاہم تیسری تھرو میں ارشد ندیم نے کم بیک کیا اور 85.28 میٹر کی تھرو کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا مقابلہ بھارت کے نیرج چوپڑا سے بھی ہوگا۔

بھارتی تھروور نیرج چوپڑا 84.85 میٹر کی تھرو کرسکے اور ارشد ندیم سے ایک پوزیشن نیچے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، پاکستان اور بھارت کے درمیان کل جوڑ پڑے گا

خیال رہے کہ مجموعی طور 12 کھلاڑیوں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا فائنل کل 18 ستمبر  بروز جمعرات کو ہو گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم انجری کے باعث پہلے ورلڈ ایتھلیٹکس سلور ٹوور اور پھر ڈائمنڈ لیگ سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں ورلڈ ایتھلٹکس چیمپئن شپ پر نظریں جما لی تھیں۔

پیرس اولمپیکس کے ہیرو 28 سالہ ارشد ندیم نے رواں سال جون میں پنڈلی کی سرجری کروائی تھی، جس کے بعد انہوں نے چند ہفتے لندن میں بحالی کے عمل (ری ہیب) میں گزارے اور پھر ورلڈ چیمپئن شپ کی تیاری کے لیے لاہور واپس آئے تھے۔