عاطف بٹ نے ٹیکن 8 چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا
Atif Butt
فائیل فوٹو
لاہور(ویب ڈیسک) ایک شاندار مقابلے میں حوصلے اورصلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے، پاکستان کے عاطف اقبال المعروف عاطف بٹ نے CEO 2025 میں ٹیکن 8 چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

  ٹیم فالکنز کی نمائندگی کرتے ہوئے، عاطف نے فائنل میں جنوبی کوریا کے ULSAN کو 3-2 سے شکست دی۔ یہ فتح نہ صرف ٹیکن کے عالمی سطح پر پاکستان کی اعلیٰ حیثیت کو مزید اجاگر کرتی ہے بلکہ عاطف کو 560 ای ڈبلیو سی (EWC) پوائنٹس بھی دلاتی ہے، جو کہ انہیں 2025 کے ای اسپورٹس ورلڈ کپ کے لیے مزید بہتر سیڈنگ دے گی  جس کے لیے وہ پہلے ہی کوالیفائی کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گرینڈ فائنل میں عاطف بٹ اور ULSAN کے مقابلے میں انا ولیمز کے ساتھ کھیلتے ہوئے، عاطف نے ابتدا میں 2-0 کی برتری حاصل کی، لیکن ULSAN نے مقابلہ برابر کر کے 2-2 کر دیا۔ اس کے بعدعاطف نے اپنی تمام ترمہارتیں بروئے کار لاتے ہوئے آخری راؤنڈ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے3-2 سے فتح حاصل کر کے نہ صرف ٹائٹل جیتا بلکہ پاکستان کو ایک بار پھر عالمی پوڈیم پر سرفہرست کر دیا۔ یہاں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ٹاپ 3 میں پاکستان کے دو کھلاڑی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں:میجر لیگ کرکٹ میں حارث رؤف کی شاندار پرفارمنس

یاد رہے کہ دوسری جانب، پاکستانی لیجنڈ ارسلان ایش نے ULSAN سے ابتدائی شکست کے بعد لوئر بریکٹ میں شاندار کم بیک کیا۔ انہوں نے پہلے پاکستانی کھلاڑی فرزین اور پھر JeonDDing کو شکست دے کر ULSAN کے خلاف ری میچ سیٹ کیا، مگر جنوبی کوریائی کھلاڑی نے ایک بار پھر زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے ارسلان کو 3-0 سے ہرا دیا اور فائنل میں اپنے لیے جگہ بنائی۔

CEO 2025 صرف ایک ٹورنامنٹ جیت نہیں تھی بلکہ یہ پاکستان کے ٹیکن منظرنامے کا ایک اور زورداراعلان تھا۔ عاطف کی کامیابی جنوبی ایشیائی ملک کے لیے عالمی سطح پر اعزازات کی بڑھتی ہوئی فہرست میں ایک اور اضافہ ہے۔ خاص طور پر، پاکستان کے چاروں نمائندوں ،عاطف، ارسلان ایش، فرزین، اور بلال نے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جن میں سے تین ٹاپ 6 میں شامل ہوئے۔

CEO 2025 اب اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے، تمام نظریں اب ای اسپورٹس ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں، جہاں عاطف، ULSAN، ارسلان ایش، اور فرزین پہلے ہی کوالیفائی کر چکے ہیں۔