مشتاق احمد نے صائم کی پی ایس ایل میں شمولیت کو غلطی قرار دے دیا
 پشاور زلمی کے باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے انجری سے واپس آئے صائم ایوب کی ٹیم میں شمولیت کو غلطی قرار دے دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پشاور زلمی کے باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے انجری سے واپس آئے صائم ایوب کی ٹیم میں شمولیت کو غلطی قرار دے دیا۔

پشاور زلمی کے اوپنر بلے باز صائم ایوب کی خراب پرفارمنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کوچ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ انجری کے فوری بعد واپس آئے صائم ایوب کو پی ایس ایل میں کھلانا سنگین غلطی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب کوئی کھلاڑی انجری سے واپس آتا ہے تو صرف نیٹ پریکٹس ہی کافی نہیں ہوتی، فارم اور ردھم کو واپس لانے کیلئے میچ پریکٹس ضروری ہوتی ہے۔

پشاور زلمی کے کوچ کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے پہلے صائم ایوب کو کچھ کلب میچز کھیلنے چاہئیں تھے یا ان کیلئے خصوصی پریکٹس کا اہتمام کیا جاتا تاکہ وہ اپنی کھوئی ہوئی فارم بحال کر سکیں لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ دورہ جنوبی افریقہ میں انجری کا شکار ہونے والے صائم نے پی ایس ایل میں واپسی پر اپنے پہلے میچ میں نصف سنچری بنائی مگر اس کے بعد سے وہ پرفارم نہیں کر پا رہے، گزشتہ میچ میں بھی صائم ایوب اسلام آباد کے خلاف صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔

واضح رہے کہ دورہ جنوبی افریقہ میں صائم ایوب ٹخنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے، انجری کے باعث صائم ایوب کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی اور دورہ نیوزی لینڈ کے لیے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔