پی ایس ایل میں اُبھرتا ستارہ، ماز صداقت خوشی سے نہال
Maaz Sadaqat PSL 2025
فائل فوٹو
لاہور: (تحریر: شانزہ راصف محمود) پاکستان سپر لیگ (PSL) میں پشاور زلمی کے نوجوان آل راؤنڈر ماز صداقت نے حالیہ میچز میں اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو متاثر کر دیا۔

پشاور زلمی کے ابھرتے ہوئے بلے باز ماز صداقت نے کہا کہ جب مجھے معلوم ہوا کہ کل کھیل رہا ہوں تو رات کو سو نہیں سکا، اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر گزار ہوں کہ اللہ نے مجھے یہ موقع دیا۔ انہوں نے اپنی کارکردگی اور مستقبل کے عزائم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مہارت کو مزید نکھارنے کے لیے محنت کر رہے ہیں، ہر میچ ایک نیا موقع ہوتا ہے اور ہر مقابلے میں بہترین دینے کے لیے پرعزم ہوں۔

بابر اعظم کے ساتھ میدان میں کھیلنے پر ماز صداقت نے کہا کہ بابر اعظم، جو اپنی شاندار بیٹنگ اور قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے "کنگ" کہلاتے ہیں، کے ساتھ کھیلنا ماز کے لیے ایک سیکھنے کا بہترین موقع رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل مقابلوں کو ایک بڑے موقع کے طور پر دیکھ رہے تھے، یہ میچز ان کے لیے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے اور اپنی تکنیک کو مزید بہتر بنانے کا بہترین موقع تھے۔

یاد رہے ماز صداقت کا بیٹنگ اور بولنگ میں متوازن انداز انہیں ایک مستند آل راؤنڈر کے طور پر نمایاں کرتا ہے۔ ان کے کھیل میں مستقل مزاجی اور دلیری نظر آتی ہے، جس کی ایک جھلک حالیہ میچوں میں دیکھی گئی۔ وہ مخالف ٹیموں کے لیے ایک چیلنج ثابت ہو رہے ہیں اور اپنی انفرادی کارکردگی سے پشاور ظلمی کو تقویت بخش رہے ہیں۔