پاکستانی باکسر نے بھارتی فائٹر کو چاروں شانے چت کر دیا
Shaheer Afridi vs Tarjot Singh
فائل فوٹو
بنکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ میں ہونے والے پروفیشنل باکسنگ مقابلے میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے باکسر شہیر آفریدی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت کے ناقابل شکست باکسر ترجوت سنگھ باوا کو دھول چٹا دی۔

یہ مقابلہ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ جاری رہا، تاہم چوتھے راؤنڈ میں شہیر آفریدی نے فیصلہ کن انداز میں برتری حاصل کر کے بھارتی حریف کو شکست سے دوچار کر دیا۔

فتح کے بعد شہیر آفریدی عالمی درجہ بندی میں نمایاں ترقی کرتے ہوئے اپنی کیٹیگری کے دنیا کے 50 بہترین باکسرز میں شامل ہو گئے ہیں، جو پاکستان کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے۔

بھارتی باکسر ترجوت سنگھ جو اس سے پہلے 8 فائٹس میں ناقابل شکست رہے تھے، شہیر کی پاور پنچز اور حکمت عملی کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔ شہیر کی یہ جیت نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پاکستانی باکسنگ کے مستقبل کیلئے بھی ایک مثبت اشارہ ہے۔

مقابلے کے بعد شہیر آفریدی نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یہ جیت پاکستان کے نام ہے، اور میں چاہتا ہوں کہ دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم ہمیشہ بلند رہے۔

دوسری جانب شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین نے شہیر آفریدی کو اس تاریخی فتح پر دل کھول کر مبارکباد دی ہے اور ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے۔