پاک بھارت کشیدگی،ایشین والی بال چیمپئن شپ ازبکستان منتقل
Central Asian Volleyball Championship 2025
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے کھیلوں کی دنیا کو بھی متاثر کر دیا۔

سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ جو کہ رواں ماہ 29 مئی سے اسلام آباد میں شیڈول تھی، اب پاکستان سے ازبکستان منتقل کر دی گئی ہے۔

ایونٹ کی منتقلی کا فیصلہ سینٹرل ایشین والی بال فیڈریشن کے حالیہ اجلاس میں نیپال میں ہوا، جہاں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں موجود سیاسی تناؤ، خاص طور پر پاک بھارت کشیدگی ایونٹ کے پرامن انعقاد میں کسی بھی رکاوٹ کا باعث بن سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم سمیت چند دیگر ٹیمیں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان آنے سے ہچکچا رہی تھیں۔ پاکستان والی بال فیڈریشن نے ایونٹ کی منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ حملے میں 26 بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں شدت آئی ہے۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے جارحانہ اقدامات کیے ہیں، جس پر پاکستان نے بھی سخت ردعمل دیا ہے۔

کھیلوں کے ذریعے امن اور ہم آہنگی کے پیغامات کو فروغ دینے کی کوششیں ایسے واقعات سے متاثر ہوتی ہیں۔ ایونٹ کی منتقلی نہ صرف پاکستان کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے بلکہ خطے میں کھیلوں کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔