پی ایس ایل 10: پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دھول چٹا دی
 پاکستان سپر لیگ  (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 22ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ  کو دھول چٹا دی۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 22ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دھول چٹا دی۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 144 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 17ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

 پشاور زلمی کی جانب سے معاذ صداقت 55 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان بابراعظم نے 53 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، مچل اوون 6، صائم ایوب ایک جبکہ محمد حارث 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے، میک برائنٹ نے 4 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کائل مائرز، بین ڈوارشوئس، نسیم شاہ اور رائلے میریڈتھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، یونائیٹڈ کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا تاہم صاحبزادہ فرحان 36 کے انفرادی ٹیم کے مجموعی 58 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

یونائیٹڈ کے کائل مائرز 18، کولن منرو 11، سلمان آغا 4، کپتان شاداب خان 15، اعظم خان 8، سعد مسعود ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

عماد وسیم 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے اور نسیم شاہ ایک رن پر ہی کیچ تھما بیٹھے جبکہ بین ڈوارشوئس نے 33 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد علی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لیوک ووڈ، الزاری جوزف، احمد دانیال، صائم ایوب اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔