
ذرائع کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کی سفارش پر مجموعی طور پر 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کی گئی ہے جس میں 3 سابق پاکستانی کرکٹرز کے یوٹیوب چینلز بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نریندر مودی کی انتہاپسند حکومت نے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا یوٹیوب اکاؤنٹ بھی بلاک کردیا تاکہ بھارتی انکے ردعمل کو نہ سُن سکیں۔
بھارت میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور سٹار کرکٹر بابراعظم کے بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کردیے گئے ہیں۔
اسی طرح بھارت نے اولمپئن ارشد ندیم ،سابق کپتان راشد لطیف، سپیڈ سٹار شعیب اختر اور باسط علی کے یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کی تھی۔
علاوہ ازیں بھارتی حکومت نے پاکستانی شوبز ستاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی بلاک کرنا شروع کردیا ہے۔
پاکستانی نامور شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھارت میں بندش مودی حکومت کے جنگی جنون کی عکاسی کرتی ہے ، مودی سرکار کے یہ اقدامات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ بھارت نے نام نہاد جمہوریت جو لبادہ اوڑھ رکھا ہے اس کی حقیقت اب دنیا کے سامنے آچکی ہے۔
دفاعی ماہرین نے بھی اس حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی بے جا پابندی کی زد میں ہیں، پہلگام کے حوالے سے پاکستانی میڈیا کی حقائق پر مبنی رپورٹنگ کا اقرار بھارتی میڈیا نے بھی کیا۔



