ارشد ندیم کی دعوت کے باوجود بھارت جانے سے معذرت
Arshad Nadeem
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز جیولن تھرو اتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے بھارت میں ہونے والے بنگلورو کلاسک جیولن تھرو ایونٹ میں شرکت سے معذرت کر لی۔

یہ ایونٹ 20 مئی کو بھارتی شہر بنگلورو میں شیڈول ہے، جس کیلئے ارشد ندیم کو بھارتی اتھلیٹ نیرج چوپڑا کی جانب سے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

ارشد ندیم نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ نیرج چوپڑا کی دعوت اور یاد رکھنے پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں، تاہم ان کا شیڈول پہلے سے طے شدہ اور نہایت مصروف ہے، جس کے باعث بھارت کا سفر ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ 22 مئی کو جنوبی کوریا کیلئے روانہ ہوں گے، جہاں 27 مئی سے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا آغاز ہو رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی تمام تر توجہ اس وقت ایشین چیمپئن شپ کی تیاریوں پر مرکوز ہے، کیونکہ یہ ایونٹ ان کے کیریئر کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

ارشد ندیم نے کہا کہ وہ مستقبل میں نیرج چوپڑا کے ساتھ کسی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کے خواہاں ہیں، اسپورٹس مین اسپرٹ کے تحت پاک بھارت کھلاڑیوں کے درمیان دوستانہ تعلقات وقت کی ضرورت ہیں۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کے درمیان اسپورٹس مین شپ کی مثالیں عالمی سطح پر دی جاتی ہیں، دونوں ایتھلیٹس ایک دوسرے کے احترام میں پیش پیش رہتے ہیں۔