عمران خان کی بہنوں نے شاہد خٹک اور عارف مبین کو ڈانٹ پلا دی
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں شاہد خٹک اور عارف مبین جٹ کو ڈانٹ پلا دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں شاہد خٹک اور عارف مبین جٹ کو ڈانٹ پلا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے اراکین قومی اسمبلی شاہد خٹک اور عارف مبین جٹ کو جھاڑ پلاتے ہوئے کہا کہ اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی ممبران اسمبلی کو شرم آنی چاہیے۔

عظمیٰ خان نے کہا کہ ہمارا بھائی جیل میں مشکلات کاٹ رہا ہے اور آپ جا جا کر اسپیکر سے ملاقاتیں کرتے ہیں،کیک کاٹتے ہیں، بتایا گیا ہے کہ عامرڈوگر اور ثنااللہ مستی خیل نے نوجوان اراکین کو اسپیکر کے پاس بھجوایا تھا۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ ہمارا بھائی ایک مقصد کے لیے قیدوبند کی صعوبتیں کاٹ رہا ہے لیکن آپ لوگ اس کی رہائی کے لیے کچھ بھی نہیں کر رہے۔

اس پر شاہد خٹک نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہم بانی کی رہائی کے لیے کوشش کر رہے ہیں، ہم عمران خان کے لئے اپنی جان بھی دے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے انکے وکیل سلمان صفدر کی ملاقات کرانے کا حکم

شاہد خٹک بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے سامنے اپنی کارکردگی اور وضاحت پیش کرتے رہے، تاہم شاہد خٹک اور عارف مبین جٹ اپنی وضاحت سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو مطمئن نہ کر سکے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہمارے ممبران اسمبلی اور سینیٹرز ہیں، ہزاروں ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں لیکن کوئی سامنے نہیں آتا۔

عظمیٰ خان نے کہا کہ اگرہمارے بھائی کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دارآپ اراکین اسمبلی وسینیٹ ہوں گے۔