عمران خان سے انکے وکیل سلمان صفدر کی ملاقات کرانے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان سے سلمان صفدر کی کل 2 بجے ملاقات کرانے کا حکم دیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان سے سلمان صفدر کی کل 2 بجے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر بھی عدالت میں موجود تھے۔

دورانِ سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ 31 مارچ کو عدالت کی جانب سے ایک حکم جاری کیا گیا تھا، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ان کی متفرق درخواست کیا ہے۔ اس پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے جیل حکام کو ہدایت جاری کی کہ سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان و اہلیہ کی سزا معطلی کی درخواست پر اہم پیشرفت

چیف جسٹس نے ملاقات کے وقت سے متعلق پوچھا تو بیرسٹر سلمان صفدر نے دوپہر دو بجے کا وقت دینے کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ کل دو بجے ملاقات کرائی جائے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ وکلا سے ملاقات کی متفرق درخواست پر سماعت جمعرات کو ہوگی جبکہ مرکزی اپیل بھی جمعرات کو ہی مقرر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وکلا جمعرات کو ضروری ہدایات لے کر پیش ہوں تاکہ مرکزی اپیل کے لیے ہفتے میں دو یا تین دن مقرر کیے جا سکیں۔

عدالت نے عندیہ دیا کہ کوشش ہوگی کہ مرکزی اپیل پر سات روز کے اندر فیصلہ کر لیا جائے۔ اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر نے استدعا کی کہ مرکزی اپیل کو پیر تک ملتوی کر دیا جائے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے اپنے خلاف ہونے والی تنقید پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ان کے بارے میں کچھ الفاظ کہے گئے جو مناسب نہیں تھے۔