پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، کل عید ہو گی
پاکستان میں شوال المکرم 1447ہجری کا چاند نظر آگیا، کل بروز ہفتہ ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی۔
شوال المکرم کے چاند کی پہلی تصویر
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان میں شوال المکرم 1447ہجری کا چاند نظر آگیا، کل بروز ہفتہ ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی۔

سعودی عرب اورخلیجی ممالک سمیت امریکا، برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک میں آج عیدالفطر نہایت مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

سعودی عرب میں عیدالفطر کے سب سے بڑے اجتماعات مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی میں منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے نماز عید ادا کی، ان روح پرور مناظر میں دنیا کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے زائرین بھی شریک ہوئے اور اللہ تعالیٰ کے حضور شکرانے کے نوافل ادا کیے۔

پاکستان میں کل 29 رمضان المبارک کی شب شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا لہذا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان میں عید الفطر 30 روزے مکمل ہونے کے بعد 21 مارچ بروز ہفتہ منائی جائے گی۔

علاوہ ازیں آج چاند رات کے موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں مختلف شاہراہوں اور بازاروں میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شوال کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں عید ہفتے کو ہو گی

سی سی پی او لاہور بلا ل صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ چاند رات کے موقع پر شہر بھرمیں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی،ون ویلنگ،ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی پر زیرو ٹالرنس ہے،خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہو گی، بازاروں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز میں فیملیز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، ویمن پولیس اسکواڈ کی خصوصی ٹیمیں اہم مارکیٹس اور بازاروں میں تعینات ہیں۔

انہوں نے فورس کو ہدایت کی کہ چاند رات پر ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی ٹیمیں مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں، افسران و جوان الرٹ رہیں اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے اہم مقامات پر مسلسل نظر رکھی جائے، شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ 

ضرور پڑھیں