چیئرمین بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے مستفید ہونے والی خواتین کو خوشخبری سناتے ہوئے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پہلے کفالت پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو 13 ہزار 500 روپے فراہم کیے جاتے تھے، تاہم حکومت نے معاشی حالات اور مہنگائی کے پیش نظر اس رقم میں اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر بینیفشری کو نئی سہ ماہی قسط 14 ہزار 500 روپے کے حساب سے دی جائے گی۔
چیئرمین بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو ہدایت کی کہ وہ رقم وصول کرتے وقت پوری رقم گن کر وصول کریں اور اگر کسی قسم کی کٹوتی محسوس ہو تو فوری طور پر شکایت درج کروائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایک آسان اور مؤثر شکایتی نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مستحق خاتون کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول مفت دینے کا اعلان
انہوں نے وضاحت کی کہ اگر کسی خاتون کو رقم کی ادائیگی میں کمی یا کٹوتی کا سامنا ہو تو وہ اپنے قریبی تحصیل آفس جا کر اسسٹنٹ ڈائریکٹر یا متعلقہ افسر سے رابطہ کر سکتی ہے۔ شکایت درج کروانے کے لیے مخصوص فارم میں اپنا نام، قومی شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر، رقم وصول کرنے کی جگہ اور کٹوتی کی مکمل تفصیل درج کرنا ضروری ہوگا۔
روبینہ خالد نے مزید کہا کہ اگر کوئی خاتون خود فارم بھرنے سے قاصر ہو تو دفتر میں موجود عملہ اس سلسلے میں مکمل رہنمائی اور مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کی تصدیق ہونے کی صورت میں متعلقہ بینک کو کارروائی کی ہدایت جاری کی جائے گی اور اگر کٹوتی ثابت ہو جائے تو متاثرہ خاتون کو اس کی مکمل رقم واپس کر دی جائے گی۔
مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے بی آئی ایس پی کی ہیلپ لائن 080026477 بھی فعال ہے جہاں مستحقین کسی بھی مسئلے یا شکایت کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدام بینظیر کفالت پروگرام کی شفافیت کو یقینی بنانے اور مستحق افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ تمام بینیفشریز کو ان کی مکمل رقم بروقت اور بغیر کسی کٹوتی کے فراہم کی جا سکے۔