سابق وفاقی وزیر تعلیم ناصر بلوچ انتقال کر گئے
سابق وفاقی وزیر تعلیم ناصر بلوچ پچاسی سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
فائل فوٹو
تاندلیانوالہ: (سنو نیوز) سابق وفاقی وزیر تعلیم ناصر بلوچ پچاسی سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم ناصر بلوچ طویل عرصہ سے علیل اور ہسپتال میں زیر علاج تھے تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے، ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مرحوم ناصر بلوچ رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و رکن قومی اسمبلی سعد اللہ بلوچ کے والد تھے، اہل خانہ کے مطابق مرحوم گزشتہ کچھ عرصے سے شدید علالت کے باعث زیر علاج تھے اور ان کی صحت کے حوالے سے مسلسل تشویش پائی جا رہی تھی۔

ان کے انتقال پر دوست احباب، سیاسی کارکنوں اور علاقے کے لوگوں نے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی شفاء ہسپتال منتقلی کی درخواست پر نوٹس جاری

ناصر بلوچ طویل عرصے تک ملکی سیاست میں متحرک رہے اور مختلف ادوار میں عوامی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے، مرحوم 1970 سے 1999 تک رکن صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی اور مجلسِ شوریٰ کے رکن رہے، اس دوران انہوں نے تعلیم اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کیا اور اپنے حلقے کے عوام سے قریبی تعلق رکھا۔

سیاسی شخصیات اور مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے ناصر بلوچ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک تجربہ کار سیاستدان تھے جنہوں نے طویل عرصے تک قومی اور صوبائی سیاست میں اپنا کردار ادا کیا، مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق اوقات کا اعلان اہل خانہ کی جانب سے بعد میں کیا جائے گا۔ 

ضرور پڑھیں