پنجاب: بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کیلئے رحمت کارڈ کی منظوری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیوہ خواتین اورماں باپ کی شفقت سے محروم یتیم بچوں کیلئے
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیوہ خواتین اورماں باپ کی شفقت سے محروم یتیم بچوں کیلئے "رحمت کا رڈ" کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب میں بیوگان اوریتامیٰ کے لئے پاکستان کی تاریخ کا پہلا"وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ" متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں صوبائی معاون خصوصی برائے عشر و زکوٰۃ راشد نصر اللہ نے "وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ" پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ "وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ" کے ذریعے ایک لاکھ روپے تک مالی امداد دی جائے گی، پہلے فیز میں 40 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو امداد دی جائے گی،" وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ" پراجیکٹ کا آغاز عید کے فوراً بعد ہو گا۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ "وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ" کے ذریعے بیوگان اوریتیم بچوں کو 25،25 ہزار روپے ملیں گے، "وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ" کیلئے موبائل اپیلی کیشن، ویب پورٹل، کال اورسینٹر آف زکوٰۃ آفس سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیراِنکم سپورٹ پروگرام میں شامل ہونے کا طریقہ جانیے

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صوبے کے وسائل پر ہر فرد کا پورا حق ہے، حقدار تک حق پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، "وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ" کے ذریعے بیوہ خواتین کو خود روزگار کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب ایسا صوبہ ہے جہاں ہر فرد کا خیال رکھا جاتا ہے، "وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ" کے ذریعے بیوہ خواتین اوربچے مالی خود مختاری کے ساتھ باوقار زندگی گزار سکیں گے۔ 

ضرور پڑھیں