محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ سورج کی تیز دھوپ بھی برقرار رہے گی۔
شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 18.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے تقریباً 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی معیار کے حوالے سے شہر کا ماحول تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے اور آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ محسوس ہونے والا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ لاہور میں اس وقت تقریباً 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تاہم فضائی آلودگی کے لحاظ سے لاہور ملک کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے اور مجموعی فضائی معیار کا انڈیکس 264 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح زیادہ رہی جن میں برکی روڈ پر انڈیکس 580، علامہ اقبال ٹاؤن میں 422، سی آئی پی آر آفس میں 356، بیدیاں میں 243 اور ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 218 تک ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت پاکستان کا ورک فرام ہوم نافذ کرنے کا منصوبہ
ادھر اسلام آباد میں آج موسم خشک اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ شہر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ دن کے وقت درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں دن بھر تقریباً 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا کوئی واضح امکان موجود نہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں دن کے اوقات میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔