سابق چیف جسٹس جسٹس خلیل الرحمٰن خان انتقال کر گئے
سابق چیف جسٹس جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن خان
لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن خان انتقال کر گئے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسج) لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن خان انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی قانونی برادری، وکلاء، ججز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

اہلخانہ کے مطابق جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن خان کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ مغرب لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں ڈونگی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، جس میں وکلاء برادری، ججز، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ اہل خانہ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرسٹر سلمان صفدر کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت

جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن خان نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز وکالت سے کیا اور بعد ازاں اپنی قابلیت، دیانت اور قانونی مہارت کے باعث اعلیٰ عدلیہ کا حصہ بنے۔ بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ انہوں نے متعدد اہم مقدمات کی سماعت کی اور کئی اہم فیصلے صادر کیے جو آج بھی قانونی حوالوں میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے فیصلوں میں آئین و قانون کی تشریح، بنیادی حقوق کے تحفظ اور عدالتی اصلاحات جیسے موضوعات نمایاں رہے۔

قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ مرحوم نہ صرف ایک بہترین جج تھے بلکہ ایک شفیق استاد اور رہنما بھی تھے۔ انہوں نے نوجوان وکلاء کی رہنمائی کی اور عدالتی نظام میں شفافیت اور میرٹ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے۔ ان کی سادگی، متانت اور اصول پسندی انہیں دیگر شخصیات سے ممتاز کرتی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے عہدیداران نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم نے عدلیہ کے وقار اور آزادی کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔