اقدامِ قتل کیس: عدالت کا عمران خان کو گرفتار نہ کرنیکا حکم
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے محسن شاہنواز رانجھا کے قتل کی کوشش سمیت دیگر 5 کیسز کی سماعت کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): اسلام آباد کی مقامی عدالت نے محسن شاہنواز رانجھا کے قتل کی کوشش اور دیگر مقدمات میں پولیس کو بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے محسن شاہنواز رانجھا کے قتل کی کوشش سمیت دیگر 5 کیسز کی سماعت کی۔ عمران خان کو بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا جس پر سیش جج نے اگلی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی مکمل ناکام ہو چکی، علی امین گنڈا پور کا اعتراف

سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث دلائل نہ ہو سکے، جس کے بعد عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے قتل کی کوشش سمیت دیگر مقدمات میں 18 فروری تک متعلقہ مقدمات میں پولیس کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے روک دیا۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی، اقدامِ قتل، جعلی رسیدوں سمیت دیگر مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ جعلی رسیدیں جمع کرانے پر مقدمہ درج ہے۔