پنجاب بھر میں بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری
Punjab weather forecast
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں شدید سردی کی لہر داخل ہونے جا رہی ہے، جس کے پیش نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ 20 اور 21 دسمبر کے دوران لاہور میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں شہر میں موجود دھند اور سموگ کی صورتحال میں واضح کمی متوقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارش کے باعث فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، تاہم سرد موسم کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 اور 21 دسمبر کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے، برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے اور بعض مقامات پر ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سی ایس ایس امتحان میں بڑی تبدیلی کر دی گئی

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ کنٹرول روم میں موسم کی صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

انہوں نے شہریوں کو سموگ سے بچاؤ کیلئے ماسک کے استعمال، خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر رہنے کی تلقین کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائیں، تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔