یونیورسٹی آف لاہور کا انٹرمیڈیٹ طلبہ کیلئے بڑی اسکالرشپ کا اعلان
University of Lahore Scholarship
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف لاہور (UOL) نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ کیلئے ایک منفرد اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت وہ طلبہ جنہوں نے انٹرمیڈیٹ یا اس کے مساوی امتحانات میں 90 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کیے ہیں، انہیں مکمل تعلیمی اخراجات پر داخلہ فراہم کیا جائے گا۔

یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ اسکالرشپ تمام بیچلرز ڈگری پروگرامز پر لاگو ہوگی اور مستحق طلبہ کو ٹیوشن فیس سے مکمل استثنیٰ دیا جائے گا۔

اس موقع پر یونیورسٹی آف لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اویس رؤف نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ مالی مشکلات ان کی تعلیم کے راستے میں رکاوٹ نہ بنیں۔

واضح رہے کہ یہ اسکالرشپ سائنسز، تخلیقی فنون، سماجی علوم، مینجمنٹ، الائیڈ ہیلتھ سائنسز، فارمیسی، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں کیلئے دستیاب ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:سیلاب سے متاثرہ طلباء کیلئے فیسوں میں ریلیف کی تجویز

 

 

انتظامیہ کے مطابق ان شعبوں کا انتخاب پاکستان کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ ملک کو صحت، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبوں میں ہنر مند ماہرین فراہم کیے جا سکیں۔

ان پروگرام کا مقصد ایسے گریجویٹس تیار کرنا ہے جو نہ صرف ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط مسابقتی مقام دلانے میں بھی مددگار ثابت ہوں۔