ثناء یوسف کے قاتل کے جسمانی ریمانڈ میں تو سیع
Sana Yousaf
فائیل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں گرفتار ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز چار روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد پولیس نے ملزم حیات کو جوڈیشل مجسٹریٹ حفیظ احمد کی عدالت میں پیش کیا تھا۔ استغاثہ کی نمائندگی کرنے والے عدنان علی، راجہ نوید حسین اور مظہر بشیر نے مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔ پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو بتایا کہ واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی گئی ہے، تاہم ملزم کا موبائل فون ابھی تک برآمد نہیں کیا جا سکا۔

انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم انتہائی چالاک ہے اور اپنے جرم کی سنگینی سے بخوبی آگاہ ہے، اسی لیے وہ جان بوجھ کر موبائل فون کی برآمدگی سے بچ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ثناء یوسف نے کس ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھائے؟

وا ضح رہے کہ استغاثہ نے سات دن کی توسیع کی درخواست کی، تاہم عدالت نے تین دن کا ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ ملزم کو دوبارہ 23 جون کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ ثناء یوسف، جو صرف 17 سال کی عمر میں ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر ایک ملین سے زائد فالوورز رکھتی تھیں، کو 22 سالہ ملزم نے اس وقت گولی مار کر قتل کر دیا جب اُس نے اس کی پیشکش مسترد کر دی۔ واقعے کے بعد ملزم کو 20 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ثناء کی المناک موت نے عوامی سطح پر شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے، اور سوشل میڈیا پر #JusticeForSanaYousaf جیسے ہیش ٹیگز اور خواتین کریئیٹرز کی حفاظت کے مطالبے کے ساتھ احتجاج جاری ہیں۔