موٹر وے پر مردہ اور غیر معیاری گوشت کی بھاری مقدار برآمد
spoiled meat
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) موٹر وے پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران غیر معیاری اور مضر صحت گوشت کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔

پولیس کے مطابق، ایک مشتبہ گاڑی کو روکا گیا جس میں 180 کلوگرام خراب اور بدبودار گوشت موجود تھا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ گوشت لاہور کے مختلف ہوٹلوں کو سپلائی کرنے کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ برآمد شدہ گوشت کو پنجاب فوڈ اتھارٹی (PFA) کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اسے ضائع کیا جا سکے اور اس کے خلاف  قانونی کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:عیدالاضحیٰ: طبی ماہرین کا گوشت کے استعمال میں اعتدال کا مشورہ

ترجمان کے مطابق، یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ حالیہ دنوں میں راولپنڈی کے قریب ایک کارروائی کے دوران موٹر وے پولیس نے دو گاڑیوں سے 2,000 کلوگرام غیر معیاری اور مضر صحت گوشت برآمد کیا تھا۔ ان گاڑیوں کو ان کی مشکوک حرکات کی بنیاد پر روکا گیا تھا۔ بعد میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اس گوشت کو انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ پولیس اور فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک گوشت فروشوں کی اطلاع فوری طور پر دیں تاکہ شہریوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ مزید کارروائیاں جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔