عدنان قتل کیس: سابق سینیٹر چودھری تنویر احاطہ عدالت سے گرفتار
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے احاطے سے پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر چودھری تنویر کو گرفتار کرلیا
مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر چودھری تنویر احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے احاطے سے پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر چودھری تنویر کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد اچانک طبیعت خراب ہونے پر چودھری تنویر کو راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا۔

گزشتہ روز عبوری درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر چودھری تنویر اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ملک رفاقت اور انسپکٹرپولیس تنویر اشرف اور عامر خان بھی عدالت میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نومئی جلاؤ گھیراؤ کیس: عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت منظور

جسٹس صداقت علی خان نے فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کر دی، جس پر سول لائن پولیس نے چودھری تنویر کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا اور عارضہ قلب میں مبتلا ہونے پر لیگی سابق سینیٹر کو آر آئی سی منتقل کردیا۔

عدالت نے مختصر آرڈر میں درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ چونکہ درخواست گزار نے اپنے وکیل کے ذریعے پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے، اس لیے درخواست نمٹائی جاتی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ چونکہ درخواست گزار کو عارضہ قلب کی شکایت ہے لہٰذا قانون کے مطابق درخواست گزار کا راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے مکمل طبی معائنہ کروایا جائے۔

واضح رہے کہ چوہدری تنویر چوہدری عدنان قتل کیس کے مقدمے میں نامزد ہیں۔