محکمہ موسمیات کا بارشوں کا مزید الرٹ جاری
weather alert Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں جاری گرمی کی شدید لہر کے دوران محکمہ موسمیات نے بارشوں، ژالہ باری اور آندھی کا نیا الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا، سندھ اور شمالی بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ گرج چمک، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور جھکڑ چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پتوکی، اوکاڑہ، چشتیاں، چیچہ وطنی اور بہاولنگر میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ پتوکی کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا جبکہ دریا خان میں ریت کے طوفان سے درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے۔

علاوہ ازیں کراچی میں بھی مغربی ہواؤں کا اثر شروع ہو چکا ہے۔ سرجانی، سہراب گوٹھ اور گلشن معمار میں ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور آج مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آج امت مسلمہ متحد نہ ہوئی تو سب کی باری آئے گی: خواجہ آصف

حب اور گرد و نواح میں موسم گرما کی پہلی بارش نے شہریوں کے چہروں پر خوشی بکھیر دی۔ تاہم ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ تربت اور پسنی میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جیکب آباد میں 48، بہاولنگر میں 47، جبکہ سبی، سکھر، روہڑی اور موہنجو دڑو میں پارہ 46 تک ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں کے رہائشی محتاط رہیں۔