
عالمی سطح پر صف اول کے جریدے کی جانب سے سپہ سالار کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے، جنرل عاصم منیر عام طور پر پس منظر میں رہ کر کام کرتے ہیں لیکن مشکل وقت میں انہوں نے فرنٹ سے لیڈ کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ یکم مئی کو انہوں نے فوجی مشق کا جائزہ لیتے ہوئے جہاں جوانوں کا حوصلہ بڑھایا وہیں ٹینک پر چڑھ کر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کا جارحانہ بیانیہ تشکیل دیا، آرمی چیف نے واضح پیغام دیا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری، پرعزم اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اخبار لکھتا ہے کہ آرمی چیف نے چند روز قبل اسلام آباد میں اوورسیز کنونشن سے خطاب میں کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا جب کہ 26 اپریل کو کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں دو قومی نظریے کا حوالہ دیا، آرمی چیف کے ان بیانات سے بھارت کو اعصابی دھچکا لگا ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر غیر تحریرشدہ تبصروں سے گریز کرتے ہیں، ان کی تقاریر زبردست اور ابہام سے پاک ہوتی ہیں، وہ مذہبی حوالے بھی دیتے ہیں، موجودہ صورتحال میں ان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔



