
لاہور کے مختلف علاقوں فیروز پور روڈ، کینال روڈ، کلمہ چوک، ٹیک سوسائٹی، ٹھوکر اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے، مال روڈ، گڑھی شاہو، ریلوے سٹیشن اور اطراف میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
گرمی سے مرجھائے لاہوریوں کے چہرے بارش کے باعث کھل اٹھے، شہر کے درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی آگئی، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے واسا لاہور کو متحرک رہنے اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھنے کی ہدایات کردیں۔
وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد نے کہا کہ تمام افسران و عملہ فیلڈ میں موجود رہیں جبکہ اس حوالے سے ایم ڈی واسا غفران احمد نے بتایا کہ تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو مکمل کلیئر رکھنے کی ہدایات کردی ہیں۔
علاوہ ازیں فیصل آباد، سرگودھا، لالیاں اور گردونواح میں بھی جم کر بادل برسے، فیصل آباد میں موسلادھار بارش اور آندھی کے باعث فیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔



