
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے، جو فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کے پی کے اضلاع پشاور، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں ژالہ باری کا بھی خطرہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب کے شہروں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، اور گوجرانوالہ میں بارش اور ژالہ باری کے امکانات بھی موجود ہیں، جو درجہ حرارت میں کمی کا باعث بن سکتے ہیں۔
دوسری جانب سندھ میں موسم عمومی طور پر شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم سکھر، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
مزید برآں بلوچستان کے علاقوں ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوئٹہ، قلات، سبی اور خضدار میں شام کے وقت تیز ہواؤں اور بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں اور غیر متوقع موسمی حالات سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔



