پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنیوالے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ
آئی ایس پی آر نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے جدید ابدالی ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کرلیا جس کی رینج 450 کلومیٹر تک ہے
پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے جدید ابدالی ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا/ فوٹو آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (سنو نیوز) پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے جدید ابدالی ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کرلیا جس کی رینج 450 کلومیٹر تک ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ابدالی ویپن سسٹم کے تجربے کے دوران جدید نیویگیشن ٹیکنالوجی اور میزائل کی مینیور ایبلٹی کو بھی جانچا گیا، جس نے مکمل کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف حاصل کیے۔ اس موقع پر اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے کمانڈر بھی موجود تھے، جنہوں نے عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیاب تجربے پر پاک فوج، انجینئرز، سائنسدانوں اور تکنیکی عملے کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ عسکری اور سیاسی قیادت نے پاکستان کی اسٹریٹجک فورسز کی آپریشنل تیاریوں، تکنیکی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اس تجربے کا مقصد پاکستان کی قابلِ اعتماد کم سے کم ڈیٹرنس صلاحیت کو مضبوط بنانا اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف قومی سلامتی کی ضمانت دینا ہے۔ ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاعی نظام کی مضبوطی اور جدیدیت کی واضح علامت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پرامن میزائل پروگرام ملک کے مضبوط دفاع کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے سائنسدانوں، انجنیئرز اور تکنیکی ماہرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹجک ڈویژن کی کوششیں لائقِ ستائش ہیں۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ یہ تجربہ دشمنوں کو واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ ابدالی ویپن سسٹم کی کامیابی نہ صرف قومی دفاع میں اہم سنگِ میل ہے بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث بھی ہے۔