
"اپنی زمین، اپنا گھر" پروگرام کے تحت مستحق افراد کو تین مرلے کے پلاٹ مفت دیے جائیں گے، جبکہ خوش نصیب افراد قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہوں گے۔ پلاٹ حاصل کرنے والے شہری بعد میں آسان اقساط پر قرض بھی حاصل کر سکیں گے، تاکہ وہ اپنے گھر تعمیر کر سکیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہے، اور بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنا قائد محمد نواز شریف کا ویژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو جب بھی کسی خاندان کے گھر کی تکمیل کی خبر ملتی ہے تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ چھ ماہ کی قلیل مدت میں 34 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے، جن میں سے 2 ہزار مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ان گھروں کو صرف عمارتیں نہیں بلکہ "دعائیں" قرار دیا۔ اس کے علاوہ، ایک سے 10 مرلے کے پلاٹ مالکان قرض کے لیے بھی اپلائی کر سکتے ہیں۔
پروگرام میں قرض کی واپسی کے لیے تین ماہ کا گریس پیریڈ رکھا گیا ہے اور اقساط کو عوام کی استطاعت کے مطابق بنایا گیا ہے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے اس منصوبے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" کے تحت 33,500 افراد کو 36 ارب روپے مالیت کے قرض جاری کیے جا چکے ہیں۔ عوام کی جانب سے اس فلاحی اقدام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔



