
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے نے اس اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلوے کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے، اور لگژری سیلونز کی سہولت عوام کے لیے دستیاب کرنا اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ ریلوے کے ترجمان کے مطابق اب وزیرِاعظم، وفاقی وزیر ریلوے، چیئرمین ریلوے، ایگزیکٹو افسران اور انسپکٹر جنرل ریلوے کے زیرِ استعمال رہنے والے پانچ لگژری سیلونز عام مسافروں کو بھی دستیاب ہوں گے۔
ان سیلونز کی بکنگ کا باقاعدہ طریقہ کار بنایا جا رہا ہے اور یہ سہولت ہر اُس مسافر کو دستیاب ہوگی جو باقاعدہ بکنگ کرائے گا۔ ترجمان کے مطابق ان سیلونز میں سفر کے لیے کرایہ انتہائی مناسب اور عوامی دسترس میں رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
لگژری سیلونز میں اعلیٰ معیار کی نشستیں، بہتر آرام دہ ماحول، ائیر کنڈیشننگ، جدید سہولیات، اور پرائیویسی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ ان سیلونز کو بالخصوص سرکاری افسران اور وی وی آئی پی شخصیات کے لیے تیار کیا گیا تھا، مگر اب عام شہری بھی انہیں استعمال کر سکیں گے۔
اس فیصلے کا مقصد نہ صرف عوام کو بہترین سفری سہولت فراہم کرنا ہے بلکہ ریلوے کے اضافی وسائل سے آمدن حاصل کرنا بھی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس منصوبے پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد ہوا تو نہ صرف مسافروں کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ ریلوے کی ساکھ میں بھی بہتری آئے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بکنگ کا طریقہ کار جلد ہی ریلوے کی ویب سائٹ اور دفاتر کے ذریعے عام کیا جائے گا، اور عوام کو مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی۔



