الخدمت ہیڈ آفس میں فلسطینی طلبہ کے اعزاز میں پروقار تقریب کا اہتمام
 غزہ کے 27 فلسطینی سٹوڈنٹس کی بیچلر آف ڈینٹل سرجری کی ڈگری مکمل ہونے پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ہیڈ آفس میں ان کے اعزاز میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
فوٹو بشکریہ الخدمت فاؤنڈیشن
لاہور(سنو نیوز) غز ہ کے 27 فلسطینی سٹوڈنٹس کی بیچلر آف ڈینٹل سرجری کی ڈگری مکمل ہونے پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ہیڈ آفس میں ان کے اعزاز میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

مرکزی صدر الخدمت پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمان،سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری، ڈین الازہریونیورسٹی غزہ ڈاکٹرمحمدریاض زغبور، رہنما ڈاکٹرز آف رحمان یوکے ڈاکٹریوسف شیخ، چیئرمین الخدمت ہیلتھ ڈاکٹر زاہد لطیف،نیشنل ڈائریکٹر الخدمت ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران، صدرالخدمت یورپ ڈاکٹر حامد فاروق تقریب میں شریک ہوئے۔

پرنسپل یونیورسٹی آف لاہور ڈاکٹر مہوش، نیشنل ڈائریکٹر آئی ٹی الخدمت ڈاکٹر سعد ظفر سمیت فیکلٹی ممبران اور مختلف شعبہ جات کی نمایاں شخصیات نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اہل پاکستان کیلئے فخر کا باعث ہے کہ ہم غزہ کے فلسطینی سٹوڈنٹس کی میزبانی کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن اپنے پارٹنرز فلاحی اور تعلیمی اداروں کے اشتراک سے ترکی،مصر اور پاکستان میں غزہ کے 409 فلسطینی سٹوڈنٹس کو اسکالرشپ فراہم کررہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس خصوصی سکالرشپ میں طلبہ کی تعلیم،رہائش،خوراک اور میڈیکل سہولیات کے علاوہ ماہانہ کیش ایوارڈ بھی شامل ہے۔، فلسطینی سٹوڈنٹس کے 4بیچ گریجوایشن کی تعلیم مکمل کرچکے ہیں جن کیلئے استنبول ترکی، پی ایم ڈی سی اسلام آباد، فوجی فاؤنڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد اور یونیورسٹی آف لاہور میں تقاریب منعقد کی گئیں۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ الخدمت نے 3800ٹن امدادی سامان غزہ کیلئے روانہ کیا،امدادی سرگرمیاں پاکستانی قوم کے ذریعے الخدمت، وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے کی مشترکہ کاوش ہیں، پاکستان سے 20 خصوصی طیاروں اور 4 بحری جہازوں کے ذریعے امدادی سامان غزہ کیلئے روانہ کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قاہرہ مصر میں الخدمت فاؤنڈیشن کا کیمپ آفس یتیم بچوں اور متاثرہ خاندانوں کی کفالت سمیت مسلسل غزہ متاثرین کی خدمت کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔