
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح کے علاقوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی پنجاب کے علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ، جھنگ اور سرگودھا میں بارش کے ساتھ گرج چمک متوقع ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ اور کرم سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد ڈوب گئے
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم ژوب، خضدار، لسبیلہ، موسیٰ خیل، آواران، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، اور خیرپور میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔
علاوہ ازیں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ موسمیاتی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، اور نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



